غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں سیرت چیئر کا قیام تدریس و تحقیق کے میدان میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر، ڈائریکٹر سیرت چیئر، غازی یونیورسٹی، ڈیرہ غازی خان
غازی یونیورسٹی، ڈیرہ غازی خان کے شعبہ اسلامیات کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نےغازی یونیورسٹی میں سیرت چئیر کے قیا م کی منظوری دیتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر لغاری ، صدر شعبہ اسلامیات کو ڈائریکٹر سیرت چئیر نامزد کیا ۔ گذشتہ روز مسند سیرت کو موثر اور مفید بنانے کے لئے ملک کے نامور اسلامی سکالر پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی ڈین فیکلٹی آف شعبہ اسلامیات، پنجاب یونیورسٹی ، لاہور کی زیر صدارت غازی یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مہمانان گرامی کے علاہ جامعہ غازی کے سابقہ اور موجودہ رجسٹرار ، شعبہ اسلامیا ت کے جملہ اساتذہ کرام ، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے سکالرز نے بھی شرکت کی ، نقابت کے فرائض شعبہ اسلامیات کے استاد ڈاکٹر محمد ایاز نے سرانجام دئیے، اس بابرکت نشست کا آغاز تلاوت کلام الہی سے ہوا جس کے بعد ڈائریکٹر سیرت چئیر پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر نے مہمانان گرامی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا اور اس اجلاس کی غرض وغایت بیان کی بعد ازاں مہمانان گرامی بالخصوص پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی ،پروفیسرڈاکٹر سید سلطان شاہ ، ڈاکٹر معین الدین ہاشمی ، ڈاکٹر حافظ محمد سجاد ،ڈاکٹر سید عزیز الرحمن ،ڈاکٹر سعید احمد سعیدی اور ڈاکٹر ضیاء الرحمن نے مسند سیرت کی مختلف جہات اور اسالیب پر انتہائی جامع اور احسن انداز میں ثمر آور گفتگو فرمائی۔معزز مہمانان گرامی نے اس بابرکت نشست میں سیرت چیئر کے مستقبل کے لئے ایک جامع لائحہ عمل واضح کرتے ہوئے اہم نکات کی طرف نشاندہی فرمائی؛ جس میں ڈیجیٹل میوزیم کا قیام، ریسرچ جرنل بنام فقہ السیرہ کا اجراء، سماجی مسائل و تنازعات کا حل سیرت النبی کی روشنی میں ، سوشل میڈیا ٹیم کا قیام، مستشرقین کے اعتراضات اور جوابات کو مونو گراف کی شکل میں طبع کروانا، ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح کے سیرۃ مقالات پر ایوارڈ دینا، سول سوسائٹی ، تعلیمی اداروں اور عام افراد تک سیرت کا پیغام پہنچانے کے لئے سیرت سوسائٹیز کا قیام ، قومی اور بین الاقوامی سیرت کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد اور سیرت چئیر کے معاشی وسائل کومستقل بنیادوں پر حل کرنے، جامعہ کے تمام بی ایس کے پروگرامز میں سیرت کا مضمون لازمی قرار دینے جیسے منصوبوں پر تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر سالانہ سیرت ایوارڈ کا اجراء کیا گیا جس میں سیرت چئیر کی جانب سے پہلا "سیرہ ایکسیلنس ایوارڈ 2022" علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلام آباد کے معروف محقق سکالر ڈاکٹر حافظ محمد سجاد کو دیا گیا۔
پروگرام کے اختتام پر شعبہ اسلامیات کے پی ایچ ڈی سکالر محمد سفیان عطاء نے اپنے سیرت کی کتاب بعنوان ’اصول سیرت نگاری‘ اور شعبہ ہذا کے ہونہاراستاد محترم ڈاکٹر یاسر فاروق نے اپنی انگریزی میں لکھی گئی سیرت پر صدارتی ایوارڈ یافتہ کتاب تحفتاً مہمانان گرامی کو پیش کیں۔اس کامیاب میٹنگ کے انعقاد پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر لغاری اور ان کی ٹیم ڈاکٹر محمد ایاز، ڈاکٹر اشفاق احمد ،ڈاکٹر حافظ جمشید اختر ، ڈاکٹر یاسر فاروق، ڈاکٹر اکرام الحق اور ڈاکٹر عابد حسین قیصرانی اس اہم سنگِ میل کو عبور کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ الله تعالیٰ سیرت چیئر کے قیام کے مقاصدِ جلیلہ کو حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین